شہریوں کی شہادت لمحہ فکریہ‘ دہشتگردوں کیلئے سزائے موت کا قانون نافذ کیا جائے: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پے در پے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی افسران سمیت درجنوں بے گناہ شہریوں کی شہادت حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی جامع مسجد ریاض الجن لبرٹی مارکیٹ میں عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے دہشتگردی کے واقعات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملکی ہوں یا غیر ملکی جب تک ان کو سرِعام تختہ دار پر نہیں لٹکایا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و امان قائم نہیں ہو سکتا اور نہ ہی دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مستونگ میں ڈی ایس پی سمیت 60 زائد سے افراد کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے۔ دہشتگردوں کو نشانِ عبرت بنانے کے لئے سزائے موت کا قانون فوری طور پر نافذ کیا جائے۔