ہائیکورٹ: چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے دیگر درخواستوں کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس ارسال کرتے ہوئے سنگل بینچ کے لیے روبرو بھیجنے کی سفارش کردی۔ شوگر ملز مالکان کے وکیل شہزاد عطا الٰہی نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت مقرر کرنا غیر قانونی ہے، 18ویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت صوبائی معاملات میں مدالت نہیں کرسکتی ہے۔ لہٰذا عدالت وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت کو مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ وفاقی حکومت کے وکیل اسد باجوہ نے شوگر ملز مالکان کی درخواستوں کی مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں وفاقی حکومت چینی کی قیمت مقرر کر سکتی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹفکیشن قانون کے مطابق ہے۔