افغانستان سے 150 ٹن خشک ٹماٹروں کی پہلی کھیپ یورپ کو برآمد
کابل ( نوائے وقت رپورٹ ) قندوز میں سپین زر کمپنی نے 150 ٹن خشک ٹماٹروں کی پہلی کھیپ یورپ کو برآمد کرلی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمپنی کے عہدیداروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی ترقی اور خود ارادیت کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔سپین زر کمپنی جو کہ گزشتہ 21 سال سے بند تھی امارت اسلامیہ کی آمد کے ساتھ دوبارہ فعال ہوگئی اور اب سینکڑوں لوگ کپاس، کاٹن آئل اور دیگر مصنوعات کی پیداوار میں مصروف ہیں۔اس کمپنی کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ خشک ٹماٹروں کے علاوہ وہ اس کمپنی کے ذریعے ہاتھ سے گھریلو مصنوعات بھی بیرون ممالک کو برآمد کر چکے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل افغانستان کے مشروبات اور کچھ دیگر مصنوعات واشنگٹن سمیت دیگر ممالک کو برآمد کی جاتی رہی ہیں۔