پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں مسلسل اضافہ، کیپسٹی چارجز صارفین پر عائد
اسلام آباد کراچی (نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاور سیکٹر کا گردشی قرض مسلسل بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کپیسٹی چارجز صارفین پر عائد کر دیئے گئے ہیں۔ پاور ڈویژن نے اپنی ویب سائٹ پر نیشنل الیکٹرک پلان (این ای پی) 27-2023 بھی جاری کر دیا، جس کی منظوری 8 اگست 2023 کو پی ڈی ایم حکومت نے دی تھی، جس میں صارفین (انتہائی غریب کے علاوہ پر فکسڈ چارجز عائد کرکے آئی پی پیز کو جزوی کیپسٹی چارجز کی ادائیگی کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں 3.28 روپے اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ دوسری جانب، پاور ڈویژن نے اپنی ویب سائٹ پر 30 جون تک گردشی قرضوں کی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق خودمختار پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو 14 کھرب 34 ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہے جبکہ کل گردشی قرضے 23.1 کھرب تک جا پہنچے ہیں۔ یہ رپورٹ تین مہینے کے وقفے کے بعد جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق اگر گزشتہ مالی سال سے موازنہ کیا جائے تو مالی سال 2023 کے دوران آئی پی پیز کو قابل ادا رقم میں 83 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ کل گردشی قرضہ 57 ارب روپے بڑھے۔ پبلک سیکٹر جنریشن کمپنیوں کے واجبات بھی 10 ارب روپے اضافے کے بعد 111 ارب روپے تک جا پہنچے۔ نیشنل الیکٹرک پلان میں کہا گیا ہے کہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے علاوہ تمام صارفین کے ٹیرف میں فکسڈ چارجز کو بتدریج شامل کیا جائے گا، اس طرح کے فکسڈ چارجز سروس کی لاگت میں صلاحیت کی لاگت کا حصہ، مارکیٹ کی مداخلتوں، کھپت اور صارفین کی برداشت کے مطابق عائد کیے جائیں گے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ مالی سال 2027 تک مقررہ چارجز سروس کی لاگت کے جائزے کے ذریعے جانچے گئے متعلقہ کیٹیگریز کی مقررہ لاگت کا کم از کم 20 فیصد ہوں گے۔