عالمی مبصرین کے حوالے سے گائیڈلائنز طلب، الیکشن کمشن کا اجلاس 16 اکتوبر کو ہوگا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی منظوری دے دی۔ الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسروں نے بھی شرکت کی۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ و خارجہ اور دیگر اداروں سے خصوصی نمائندے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیف الیکشن کمشن نے عالمی مبصرین کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کر لیا۔ خواہش مند عالمی مبصرین کے کیسز کو فوری طور پر پراسیس کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہا الیکشن سے متعلق تمام امور شیڈول کے مطابق مکمل کئے جائیں۔ کمشن نے عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کے مشاہدہ کے لئے الیکشن کمیشن نے وزارت خارجہ سے پالیسی گائیڈ لائنز مانگ لیں۔ عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کے مشاہدہ کا معاملہ پر الیکشن کمیشن نے وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا الیکشن کمیشن عام انتخابات کے مشاہدہ کے لئے اوپن ڈور پالیسی رکھتا ہے، الیکشن کمیشن وزارت خارجہ کے ذریعے غیرملکی مبصرین کو دعوت نامے بھجوائے گا۔ الیکشن کمیشن نے خط کے ذریعے وزارت خارجہ سے دعوت ناموں کے لئے ایس اوپیز اور واضح پالیسی گائیڈ لائنز مانگ لیں، الیکشن کمیشن نے وزارت خارجہ سے الیکشن مشاہدہ کے لئے غیر ملکی تنظیموں کی فہرست بھی طلب کر لی۔