• news

نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر: ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر پاکستان نے وائس ایڈمرل نوید اشرف ہلال امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت کی پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر تعیناتی اور ایڈمرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف 7 اکتوبر کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر ایڈمرل کے عہدے پر فائز ہو جائیں گے۔ اسلام آباد میں تبدیلی کمان کی تقریب میں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کی کمان وائس ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کریں گے۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہیں جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ شاندار نیول کیریئر کے دوران، فلیگ آفیسر نے متعدد کمانڈ اینڈ سٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔ 10 سالہ کمانڈ تقرریوں میں گن بوٹ کی کمانڈ، ایک مائن ہنٹر، تین ڈسٹرائرز اور 25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر سکواڈرنز کی کمانڈ شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی اہم سٹاف تقرریوں میں فلیٹ ہیڈ کوارٹر میں فلیٹ آپریشنز آفیسر، ہیڈکوارٹر فلیگ آفیسر سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ، ہیڈکوارٹر NAVCENT بحرین میں ٹاسک فورس 151 کے چیف سٹاف آفیسر، وائس پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، نیول سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ایڈمن)، ڈائریکٹر جنرل C4I، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل) اور ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول سٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ فلیگ آفیسر کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن