چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا انتہائی اہم دورہ کیا جو کہ پاک فضائیہ کے زیر سایہ وجود میں آنے والا ایک بہترین تزویراتی منصوبہ ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے دورے نے اس جدید منصوبے کی اہمیت اور ایرو اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں قومی منظر نامے میں انقلاب برپا کرنے کی اسکی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پرنسپل اسٹاف آفیسرز سمیت اعلی سطحی سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔دورے کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو جدید ترین تنصیبات، تحقیق و ترویج کے لئے مختص مراکز اور نئی ابھرتی ہوئی ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز کے لیے وقف اسکے جدید مراکز سے روشناس کروایا گیا۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے جدید ترین ڈیزائن اور تحقیق و ترقی کے ماحول کے ذریعے دنیا کے اعلی ترین ایرو اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ کلسٹرز میں سے ایک بننے کے اپنے وژن کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت پاکستان کی سرپرستی اور تعاون کی بدولت نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک جامع منصوبہ بندی، مربوط کاوشوں اور باہمی تعاون کے ذریعے انتہائی قلیل وقت میں ترقی کے آسمان کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو انکے ہر ممکن تعاون اور اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی لینے پر خراج تحسین پیش کیا جسکی بدولت نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تصور کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنانا ممکن ہوا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو قومی و تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا جس سے ملک کے لیئے کثیر الجہتی فوائد کا حصول ممکن ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ تکنیکی ترقی کو متحرک کرنے اور قومی خود انحصاری کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ریکارڈ وقت میں اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر پاک فضائیہ اور اس کے ہنرمند اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ایئر چیف کی متحرک قیادت کی بھی تعریف کی جنکے پختہ عزم اور انتھک کاوشوں سے اس منصوبے کو برق رفتاری سے مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹکنالوجی پارک منصوبہ تکنیکی ترقی کے حصول کی خاطر تعلیم و تربیت، صنعت اور مسلح افواج کے باہمی تعاون میں ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ پاک فضائیہ کی صلاحیتوں اور موجودہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کے ذریعے جدت کا حصول، ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور ملکی سطح پر ایرواسپیس سے متعلقہ صلاحیتوں میں ترقی کے لیئے سہولیات کی فراہی ممکن بنائی جا سکے گی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ پاکستان کی ایرو اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ ڈومینز میں اعلی کارکردگی کے حصول کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانے، تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے اور تکنیکی جدت میں کلیدی کردار ادا کرنے کے پاکستان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔