• news

پیپلز پارٹی نے 18اکتوبر کو پاور شو کی تیاریاں شروع کر دیں

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی نے 18اکتوبر کو ملک گیرانتخابی پاور شو کی تیاریاں زور و شور سے شروع کر دیں ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو 18اکتوبر کو ملک بھر میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر کارکنوں کے اجتماعات سے وڈیو لنک پرخطاب کریں گے ۔اس سلسلے میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والی تقریبات میں بڑی سکرینیں اور ساﺅنڈ سسٹم لگائے جائیں گے ۔تمام پارٹی تنظیموں،الائیڈ ونگز،ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی کارکنان کو لازمی شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ قائمقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید نے کہا کہ ضلعی سطح پر تشہیری مہم چلائیں،اہم مقامات اور چوراہوں پر پارٹی پرچم لگائیں۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ سانحہ کار ساز کے حوالے سے ڈیجیٹل،فلیکس سائن اور بینرز لگائیں۔دوسری طرف پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے 18اکتوبر کے حوالے سے پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس آج (جمعرات ) 5اکتوبر کو طلب کر لیا ہے جس میں سانحہ کار ساز کے حوالے سے جلسہ یا سیمینار سینٹرل سیکرٹریٹ ،لبرٹی چوک،چیئرنگ کراس یا ناصر باغ میں کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن