• news

عمران صدر سے مایوس، عدالت انصاف دے، جیل بھیج کر ہوتا ہے تو بھیج دیں: علیمہ خان

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاوس جلاوگھیراو کیس میں وکلاءکو حتمی دلائل کے لیے 16 اکتوبر کوطلب کرلیا۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آگئیں۔ کہا ہمیں انصاف دیا جائے، روز پیشی پر آتی ہیں اگر جیل میں بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں، ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔ تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ تینوں ملزمان تفتیش میں قصوروار پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گنہگار لکھا ہے۔ پولیس کو تفتیش کے لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے۔ علیمہ خان، عظمی خان، اسد عمر کے وکیل برہان معظم ملک نے گرفتاری کی مخالفت کردی ، وکیل برہان معظم ملک نے موقف اپنایا کہ علیمہ خان اور عظمی خان مقدمے میں نامزد نہیں ہیں، ہمیں وہ بیان دکھائے جائیں جس کی روشنی میں ہمیں قصوروار قرار دیا گیا، عدالتی حکم کے باوجود تفتیشی افسر نے ریکارڈ نہیں دکھایا۔ پولیس اس مقدمہ میں روزانہ نئے جرم ڈال رہی ہے اور یہ سلسلہ رک نہیں رہا ہے، گرفتاریوں کی بجائے بتایا جائے کہ الزام کیا ہے؟۔ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے ہمیں جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں لیکن ہم سازش کو کبھی قبول نہیں کریں گے، وہ صدر پاکستان عارف علوی پر مایوس ہیں جو ان کا آئینی کردار تھا وہ نبھا نہیں سکے ہیں، صدر پاکستان نے نوے دن میں الیکشن کروانے تھے اور انہوں نے اپنا اختیار استعمال نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کمزور ہورہے ہیں، وزن بہت کم ہوگیا ہے، لیکن ان کے جذبے بلند ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ انہیں سائفر کیس میں لمبے عرصے کے لئے جیل میں منتقل کرنے کی تیاری ہورہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ورزش اور واک کے لئے جگہ نہیں، ان کو سہولیات دینے کے لئے پٹیشن دائر کردی ہے۔ اسد عمر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ نواز شریف کو 3 سال بعد دوا مل گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی تمام کیسز میں سرخرو ہوں گے، تحریک انصاف الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

ای پیپر-دی نیشن