• news

سائفرکیس، ضمانت پر سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی: اسلام آباد ہائیکورٹ، جیل ٹرائل کیخلاف درخواست دائر

اسلام آباد (وقائع نگار+نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی ان کیمرہ کارروائی کی ایف آئی اے کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ میں سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے ان کیمرہ سماعت سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جس دستاویزات کو ان کیمرہ رکھنا ہوگا وہ وکلاءکی مشاورت سے ان کیمرہ ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی پیر کو ضمانت کی درخواست پر 9 اکتوبر پیر کو دن دو بجے سماعت ہوگی اور حساس دستاویزات کی نشاندہی کیلئے ان کیمرہ سماعت ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9مئی واقعات، توشہ خانہ جعل سازی اور اقدام قتل سے متعلق 9 کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں بحال کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ سے جاری فیصلہ میں کہا ہے کہ ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا حاضری سے استثنیٰ بھی بحال کیا جاتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی جان بوجھ کر عدالت سے غیر حاضر نہیں ہوئے۔ ضمانت منسوخی کے باوجود ریاست نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ان مقدمات میں گرفتار نہیں کیا۔ ٹرائل کورٹ یہ نقطہ دیکھتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کرے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں وزارت قانون کو مستقبل میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزارت قانون کو مستقبل میں ایسا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرائل کورٹ کی اٹک جیل منتقلی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 190 ملین پاو¿نڈ کرپشن اور توشہ خانہ نیب تحقیقات کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت خارج کرنے کے احتساب عدالت فیصلہ کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔ لطیف کھوسہ کی جانب سے پیر کو سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 اکتوبر کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سائفرکیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج سماعت روک دی گئی ہے، آج ہم نے درخواست دی کے معاملہ ملتوی ہونا چاہیے، آج نقول نہیں لے سکتے، آج عدالت کو بتایا کہ معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے فیصلے کا انتظار کیا جائے، اس کیس کی سماعت ان کیمرہ نہیں ہو سکتی۔ عمیر نیازی ایڈووکیٹ نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے مختصراً ملاقات ہوئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی بھی قسم کی ڈیل نہ کرنے کا کہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈونلڈ لو کا نام لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن