50ہزار اور اس سے کم آمدن، 12.5ایکڑزمین مالکان پر ٹیکس لگایا جائے: عالمی بنک
کراچی (این این آئی) عالمی بینک نے 50 ہزار روپے اور اس سے کم آمدن والوں پر بھی ٹیکس لگانے کا مشورہ دے دیا۔ عالمی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور ٹیکس فری آمدن کی حد کم کی جائے، جبکہ پرسنل انکم ٹیکس کا سٹرکچر آسان بنایا جائے۔ عالمی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 5 لاکھ روپے ماہانہ آمدن والوں پر 35 فیصد شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے۔ عالمی بینک کے مطابق وفاقی حکومت ان شعبوں پر خرچ نہ کرے جو صوبوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن کا دوبارہ جائزہ لے کر وفاقی و صوبائی دائرہ کار میں فنانسنگ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔ عالمی بینک کے مطابق زرعی شعبے میں ساڑھے 12 ایکڑ زمین کے مالکان پر ٹیکس لگایا جائے۔ مناسب تیاری اور جائزے کے بغیر شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے ختم کر دیئے جائیں۔