• news

3 برس میں 70 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں‘ نئے تجربے کی گنجائش نہیں: احسن اقبال

لاہور (این این آئی) احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرگئی ہے، آج پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم نے اگلے تین سالوں میں 70 ارب ڈالر سے زیادہ قرضے ادا کرنے ہیں ۔ اس وقت ہمارے پاس کسی نئے تجربے کی گنجائش نہیں۔ ہمیں نواز شریف جیسے آزمودہ تجربے کار طبیب کی ضرورت ہے، نواز شریف کا بیانیہ اور پیغام تقریر نہیں ہے یہ عمل کا پیغام ہے اور ہم نے ماضی میں کر کے دکھایا ہے ،بدترین سازش کے ذریعے نوازشریف کو نااہل کیا گیا، ایک شخص جس نے یونین کونسل تک نہیں چلائی تھی اس کو ایٹمی طاقت کی کنجیاں دے دی گئیں۔ کامیابی کے بعد (ن) لیگ ایک گرینڈ ڈائیلاگ شروع کرے گی۔ گرینڈ ڈائیلاگ کا بہترین وقت انتخابات کے بعد ہو گا۔ مریم اورنگزیب کے ساتھ پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے کہا کہ قومی اداروں کو آئینی فریم ورک میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 75سال میں آپس میں رسہ کشی کر کے دیکھ لیا ہے۔ ہماری اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے کہ ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ہمیں اسے خوش آمدید کہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب اسٹیبلشمنٹ نے دیکھا عمران خان کا ملبہ ان پر گر رہا ہے تو وہ پیچھے ہٹ گئے۔ عمران خان کو کس نے کہا تھا اپوزیشن میں نہ بیٹھو۔

ای پیپر-دی نیشن