نگران حکومت عوام نہیں‘ آئی ایم ایف کی ترجمان: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے نجی بجلی گھروں (آئی آئی پیز) کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام کی بجائے آئی ایم ایف کی ترجمانی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 550 ارب روپے سے زیادہ کی بجلی چوری‘ 220 ارب سے زیادہ مفت استعمال ہوتی ہے۔ یہ بوجھ بھی عوام برداشت کر رہے ہیں۔ بلز میں پندرہ پندرہ قسم کے ٹیکس لگائے جاتے ہیں، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہونے چاہیے۔ آئی ایم ایف کا قرضہ میٹھا زہر ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استحکام کا راستہ پولنگ سٹیشن سے ہو کر گزرتا ہے۔ 6 اکتوبر کو کراچی میں گورنر ہاﺅس کے باہر تاریخی دھرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل خاص حلقوں میں اربوں کے فنڈز جاری کرنا پری پول دھاندلی ہے۔ اب تک غریب عوام کی جیبوں سے 88کمپنیوں جن میں سے بیشتر کے مالک پاکستانی ہیں، کو پونے تین ٹریلین ادا کیے جا چکے ہیں۔