بڑے بھائی نے خوشحالی کیلئے جادو کی چھڑی چھوٹے کو کیوں نہ دی: فردوس اعوان
لاہور (نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بڑے بھائی نے خوشحالی کی چھڑی چھوٹے کو کیوں نہ دی۔ دوبارہ وزیراعظم بننے کے دعویدار سزا یافتہ مجرم عدالت کی توہین کر رہے ہیں۔ مہنگائی کے ستائے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی ملک کو معاشی اور سیاسی محاذ پر استحکام دینے کے لیے وجود میں آئی ہے۔ اس جماعت کی قیادت اپنے حلقے میں منتخب نمائندوں کی شکل میں عوامی روابط میں مصروف عمل ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی اپنے زور بازو پر الیکشن میں جا رہی ہے ہمیں کسی سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔ جو خود ڈوب رہے ہیں ان کے ساتھ کوئی ڈوبنا پاند نہیں کرے گا۔ جس جماعت کا سیاسی انشورنس ایکسپائر ہو چکا ہے بہتر ہے پہلے عدلیہ سے ریلیف حاصل کریں۔ اکیس توپوں کی سلامی کی توقع رکھتے ہیں تو یہ نظام عدل کے لئے سوالیہ نشان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے سزا یافتہ مجرم کو جب تک عدالتیں کلئیر نہیں کرتے وہ عوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کھویا ملائی کھاتے کے بعد اب چھاچھ اکٹھے کیوں نہیں پی رہے۔ کیا جو جادو کی چھڑی اور گیڈر سنگھی بڑے بھائی کے پاس تھی وہ چھڑی انہوں نے چھوٹے بھائی کو کیوں نہیں دی۔ سولہ ماہ کے اندر جو کارکردگی پی ڈی ایم کی رہی وہ سب کے سامنے ہے۔