• news

شکر ہے نواز شریف کو 3 سال بعد دوا مل گئی، واپس آکر جیل جانا چاہیے : اسد عمر

لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ شکر ہے کہ نواز شریف کو 3 سال بعد دوا مل گئی۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف کی جلسی ہوئی ہے اسے جلسہ نہیں کہوں گا، انہیں بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا۔اسد عمر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اصولی طور پر واپس آ کر جیل جانا چاہیے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تمام کیسز میں سرخرو ہوں گے جبکہ تحریکِ انصاف الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔واضح رہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن