افغان ہم منصب سے ملاقات، علاقائی امن و استحکام کو درپیش چیلنجز سے ملکر نمٹا جائے: وزیرخارجہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے چین کے شہر تبت میں افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کی ہے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن اور استحکام کو درپیش چیلنجوں سے اجتماعی حکمت عملی کے ذریعے ملکر اور باہمی تعاون کے جذبے سے نمٹا جائے۔ دریں اثنا نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کی دعوت پر چین کے دورے کے دوران تبت میں تیسرے چائنا تبت ٹرانس ہمالین فورم میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے کلیدی خطاب میں گرین ڈویلپمنٹ، ماحولیاتی تحفظ، جغرافیائی رابطے سمیت جامع اور پائیدار ترقی کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔