سرینگر: بھارتی میجر کی فائرنگ متعدد افسر زخمی، چند یرغمال بنالئے: مزید 2 کشمیری شہید
راجوڑی سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ کے پی آئی) بھارتی فوجی افسر اپنے ہی ساتھیوں کے دشمن بن گئے۔ راجوڑی میں بھارتی میجر نے اپنے ہی افسروں پر گولیاں چلا دیں جس سے متعدد زخمی ہو گئے، کچھ کو یرغمال بنا لیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج میں بدنظمی طول پکڑنے لگی۔ بھارتی فوج کے میجر نے مقبوضہ کمشیر کے علاقے تھانہ منڈی راجوڑی میں اپنے ہی افسروں پر گولیاں چلائیں۔ واقعہ 48 راشٹریہ رائفلز میں پیش آیا۔ بھارتی فوج میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی اس طرح کے بہت سے واقعات ہو چکے ہیں۔ بھارتی فوج اس طرح کے شدید مسائل کا شکار ہے جہاں وہ ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی۔ قابض بھارتی فوج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2نوجوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت امین بٹ اور ثاقب احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کولگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے دوکشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔