ورلڈ کپ میلہ شروع، نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ہرادیا، پاکستان،نیدرلینڈز آج مدمقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میںنیوزی لینڈ نے ڈیون کانوے اور ریچن رویندرا کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 9وکٹوں سے ہرا دیا ۔ پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیںحیدرآباد میںآج مد مقابل ہونگی۔میچ دن ایک بج کر 30منٹ پر شروع ہوگا ۔میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 9وکٹوںپر 282رنز بنائے ۔ جوروٹ 77‘جونی بیئر سٹو33‘کپتان جوز بٹلر 43رنز بناکر نمایاں رہے ۔ میٹ ہنری نے 3‘مچل سنٹنراور گلین فلپس نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ نیوزی لینڈنے283رنز کا ہدف ایک وکٹ پرپورا کرلیا ۔ ڈیون کانوے نے ایونٹ کی پہلی اور ریچن رویندرا نے دوسری سنچری بنائی ۔ ڈیون کانوے 151اور ریچن رویندرا123رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ ول ینگ صفر پر آﺅٹ ہوئے ۔ کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ہماری تیاریاں بہت اچھی ہیں۔ ہم ایک ہفتے سے حیدرآباد میں ہیں اور ہم نے دو پریکٹس میچوں میں مختلف کامبی نیشن آزمائے ہیں اور ہر کھلاڑی کو موقع دیا ہے تاکہ دیکھ سکیں کہ وہ ہر صورتحال میں کھیل سکتا ہے۔ ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں۔پاکستانی ٹیم اس ورلڈ کپ میں فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے اور اس نے ختم ہونے والے ورلڈ کپ سائیکل میں36 میں سے24 میچز جیتے ہیں اور کپتان بابراعظم نے خود کو ماڈرن ڈے کرکٹ کے بہترین بیٹرکے طور پر پیش کیا ہے۔باﺅلنگ اور بیٹنگ دونوں ہماری قوت ہیں۔ ہمارے بیٹرز ٹاپ آرڈر سے لوئرآڈر تک اچھا پرفارم کررہے ہیں ہر ایک اپنی ذمہ داری محسوس کررہا ہے۔ باﺅلنگ میں ہمارے تیز باﺅلرز ہمیشہ ہماری قوت رہے ہیں لیکن ہمارے سپنرز بھی مڈل اوورز میں وکٹیں لے رہے ہیں جو اچھی علامت ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم گیارہ سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ بھارتی سرزمین پر ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ وہ 1987 کے بعد حیدرآباد دکن میں پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔بابراعظم کا کہنا ہے کہ بھارت میں پچز اچھی ہیں اور ہائی سکورنگ میچز ہونگے۔باو¿نڈریز نہ بہت بڑی ہیں اور نہ بہت چھوٹی۔ یہ نارمل سائز کی ہیں۔بابراعظم نے اپنے ان چار برسوں کے بارے میں بتایا کہ یہ سفر بہت اچھا رہا ہے اتارچڑھاو¿ بھی آئے ہیں جو فطری امر ہے۔چیلنجز بھی رہے ہیں لیکن انہوں نے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے اس عرصے میں وہ اچھے لوگوں سے بھی ملے ہیں اور اچھے ٹیم کے ساتھیوں سے بھی ملے ہیں اور کوشش کی ہے کہ ٹیم کو متحد رکھ سکوں۔گزشتہ تین برسوں سے وہ ان لڑکوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور ہم سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھاسکیں۔بابراعظم نے حیدرآباد میں ٹیم کے استقبال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کاشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹیم کی آمد پر اس کا والہانہ استقبال کیاانہیں امید ہے کہ پاکستانی شائقین بھی ورلڈ کپ میں ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کرتے نظر آئیں گے۔ وہ حیدرآباد ائرپورٹ پر اس طرح کے استقبال کی توقع نہیں کررہے تھے۔آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی کافی لوگ سٹیڈیم آئے اور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا۔ اگر پاکستانی شائقین بھی یہاں ہوتے تو یہ اور بھی زیادہ اچھا ہوتا۔