ڈالر مزید ایک روپیہ سستا سونا 3 ہزار روپے تولہ گر گیا
کراچی (کامرس رپورٹر ) کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو بھی روپیہ مضبوطی کی جانب قدم بڑہاتا رہا۔ انٹربنک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید ایک روپے 6 پیسے سستا ہو گیا۔ جس کے بعد انٹربنک میں ڈالر284.58روپے کی سطح سے گھٹ کر283.62روپے رہ گیا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید 1روپے کی کمی سے 285 روپے کی سطح سے کم ہو کر284روپے رہ گیا۔ یورو کی قدر50پیسے کی کمی سے300.50روپے رہ گئی جبکہ برطانوی پاﺅنڈکی قیمت فروخت1.50روپے گھٹ کر347.50روپے پر رہ گیا۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 10پیسے گھٹ کر75.90 روپے پر مستحکم رہی جبکہ یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 70پیسے کے خسارے سے347.50روپے رہ گئی۔ دوسری طرف جمعرات کو 24 قیراط سونے کی فی تولہ 3000 روپے کی کمی سے 1 لاکھ 88 ہزار روپے کی سطح تک رہ گئے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کے دام 12 ہزار ڈالرز کی کمی سے 1814 ڈالر رہ گئے۔