بھارت ، ہندوانتہاپسندوں کا نماز سکھانے والے ٹیچر پر وحشیانہ تشدد
احمد آباد(این این آئی)بھارت میں ہندوانتہا پسندوں کی مسلمانوں سے نفرت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک سکول میں گھس کرنماز سکھانے والے ٹیچر پر بدترین تشدد کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ہندو انتہا پسندوں اور مقامی حکومتی اہلکاروں نے اسکول کو معافی مانگنے پر مجبور بھی کیا۔اسکول انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طالب علموں کو مختلف مذاہب کے بارے میں آگہی دینے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں دیگر مذاہب کے ساتھ ساتھ نماز کا طریقہ بھی بتایا گیا تھا۔ ہندو بچوں کو زبردستی نمازپڑھنے پر مجبور نہیں کیا گیا۔احمد آباد کے مسلمان دشمن سرکاری اہلکاروں نے ٹیچر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا۔ ٹیچر پر انتہا پسند ہندو غنڈوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔