عوام کو ریلیف دینے کیلئے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے:ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے۔ علاج معالجے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے فوری عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ حکومتی ادارے، فارماسیوٹیکل کمپنیاں اور دیگر سٹیک ہولڈرز ادویات کی قیمتوں میں کمی کیلئے باہمی مشاورت سے جامع نظام وضع کریں۔ ہماری بقا پاکستان کی بدولت ہے، دوا ساز ادارے مشکل صورتحال میں مالی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کریں۔گزشتہ روز صوبائی ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ شعبہ طب کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت اور دواسازی اس کا اہم جزو ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی ادویات تیار کر کے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معیاری دوائیں نہ بنانے والی کمپنیوں کے معاملے میں زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے۔ تمام کیسز کی سماعت میرٹ پر کی جائے۔ معیاری ادویات کی دستیابی عوام کا بنیادی حق ہے۔اجلاس میں محمد اقبال، ڈاکٹر قلندر خان، محمد سہیل، ادویات سازی کے ماہرین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔