نمیرا سلیم خلاءمیں چلی گئیں‘ پاکستانی پرچم لہرائیں گی
میکسیکو (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرہ سلیم نے خلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی۔ نمیرہ سلیم کی خلا میں پہنچنے کی ویڈیو بھی آگئی۔ نمیرہ سلیم خلا میں روانگی کیلئے نیو مکسیکو سے روانہ ہوئیں، جہاں سے انہیں پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور دیگر رشتہ داروں نے رخصت کیا۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔ وہ خلاءمیں پاکستانی پرچم لہرائیں گی۔ نمیرہ سلیم نے خلا پر روانگی سے قبل نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے نگران وزیر اطلاعات کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006ءمیں نمیرہ کو باضابطہ طور پر ملک کی پہلی خلا باز کے طور پر تسلیم کیا تھا۔ نمیرہ سلیم نے 2007ء میں پاکستان کے لیے سیاحت کی اعزازی سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔ نمیرہ سلیم کے پاس اپریل 2007ء میں قطب شمالی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا بھی اعزاز موجود ہے۔ انہوں نے اپریل 2007ء میں قطب شمالی اور جنوری 2008ء میں قطب جنوب کے مقام پر بھی پاکستان کا جھنڈا بلند کیا تھا۔ یہی نہیں، نمیرہ کو 2008ء میں ماو¿نٹ ایورسٹ پر سکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہیں 2011ء میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ 1975ء میں پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہونے والی نمیرہ سلیم نے ہوفسٹرا یونیورسٹی، نیویارک سے بین الاقوامی تجارت میں بیچلرز کیا اور کولمبیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آئیں اور یہاں اقوام متحدہ کے کلچرل ایکسچینج پروگرام کے تحت بننے والی بین الاقوامی اکنامکس اور بزنس مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی صدر منتخب ہوئیں۔ 1997ءمیں نمیرہ یورپی ملک موناکو منتقل ہوگئیں۔ نمیرا نا صرف ایک خلا باز ہیں بلکہ وہ ایک فنکارہ بھی ہیں۔ شاعری، مجسمہ نگاری اور موسیقی میں بھی نمیرہ نے کام کر رکھا ہے۔ ان کی پینٹنگز امن جیسے موضوع پر ہوتی ہیں۔ گزشتہ 17 سال سے نمیرہ ’ورجین گروپ‘ کے تعاون سے خلائی سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔