قونصل جنرل ترکیہ کی ملاقات، دہشتگردی مشترکہ مسئلہ، خاتمے کیلئے تعاون کو فروغ دینگے: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) 15 روزہ ”لہور لہور اے“ میلہ سجے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لہور لہور اے میلے کیلئے بہترین انتظامات اور منفرد پروگرامز کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پروگرامز میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے۔ تاریخی مقامات پر بھی تقریبات ہوں گی۔ کھیل‘ موسیقی‘ آرٹ‘ ادب اور دیگر تقاریب میں عوام کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ ”لہور لہور اے“ میں میوزک کنسٹرٹ‘ تھیٹر‘ پپٹ شو او رآرٹ کی نمائش ہوگی۔ یونیورسٹیوں کے درمیان تھیٹر کے مقابلے ہوں گے۔ الحمرا میں 7 روزہ کتب میلہ لگایا جائے گا۔ نامور قوال اور گلوکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔ نائٹ نیزہ بازی‘ کبڈی اور روایتی کھیل ہوں گے۔ ڈرون لائٹس اور لیزر شو جیلانی پارک میں ہوگا۔ ہسٹری بائی نائٹ اور پنجاب تھرو ایجز شو پیش کئے جائیں گے۔ محسن نقوی سے لاہور میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ری پبلک آف ترکیہ کے 100سالہ جشن کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے دعوت قبول کر لی۔ محسن نقوی نے سسٹر سٹیز لاہور اور استنبول کے تعلقات میں مزید گرمجوشی کیلئے میئر استنبول کو دورہ لاہور کی دعوت دی اور ترکیہ کے قونصلیٹ کو سی بی ڈی ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل کرنے کی پیشکش کی۔ ملاقات میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات، مشاہدات اور مہارت سے مستفید ہونے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ترکیہ کے قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی مشترکہ مسئلہ ہے، خاتمے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ترکیہ اور پنجاب کے عوا م کے لئے معاشی حوالے سے بہت سی اچھی خبریں منتظر ہیں۔ ترکش بزنس مین پنجاب میں سرمایہ کاری کریں، تمام سہولتیں مہیا کریں گے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کے معاشی روابط کو مضبوط اور تجارت کومزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ گڈ ٹریڈ ایگریمنٹ کر چکے ہیں، باہمی تجارت 5بلین ڈالر تک لے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے پنجاب کابینہ کا 29واں اجلاس آج طلب کر لیا۔ مختلف محکموں کے ایجنڈے اجلاس میں زیر غور آئیں گے۔