نئے امیرالجر نوید اشرف نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی
اسلام آباد لاہور (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ایڈمرل نوید اشرف ہلال امتیاز (ملٹری) تمغہ بسالت نے پاک بحریہ کے 23ویں چیف آف دی نیول سٹاف کے طور پر پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی۔ پی این ایس ظفر اسلام آباد میں کمان کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی (نشان امتیاز ملٹری) (ستارہ بسالت) نے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر کمان کی باگ ڈور ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔ پاک بحریہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق کمانڈ تبدیلی کی تقریب کے موقع پر سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آج پاک بحریہ ملک کی مسلح افواج کے ایک مضبوط اور اہم بازو کے طور پر کھڑی ہے جو ہماری بحری سرحدوں کی حفاظت اور ڈیٹرنس کو ریڈی ایشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مشرقی ہمسایہ ملک کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی تیاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ اس چیلنج سے پوری طرح باخبر ہے اور جدید ترین نیول پلیٹ فارمز اور آلات کی شمولیت کے ذریعے اپنی جنگی تیاری اور صلاحیتوں کے فروغ کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ بلیو اکانومی کو متحرک کرنا ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔ اس سلسلے میں میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کے بارے میں آگاہی اور ترقی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر MoMA کی سرپرستی میں پہلی پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کا کامیاب انعقاد ایک بہت بڑی پیش رفت تھی۔ اپنے خطاب کے آخر میں سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے ایڈمرل نوید اشرف کو بطور چیف آف دی نیول سٹاف تعیناتی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاک بحریہ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے نئے چیف آف نیول سٹاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے عہدے پر کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سینئر سرکاری افسران، سابق نیول چیفس، پاک بحریہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور نیوی کے سویلینز نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ سابق وزیراعظم نے ایڈمرل نوید اشرف کے لئے نیک تمناو¿ں کا بھی اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بحریہ پاکستان کی مسلح افواج کا ایک طاقتور اور اہم حصہ ہے جس کا شاندار ماضی اور تابناک مستقبل ہے۔ دعا ہے کہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ مزید مضبوط ہو۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور قابل آفیسر ہیں، ان کی سربراہی میں پاک بحریہ مزید مضبوط فورس بن کر ابھرے گی۔ پاک بحریہ پاکستان کی بری اور فضائی فورسز کی مانند افواج پاکستان کا کلیدی جزو ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی خدمات کو بھی سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔