امریکہ کا جوابی اقدام، 2 روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم
واشنگٹن (اے پی پی)امریکا نے جوابی اقدام میں 2 روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ روسی فیڈریشن کی جانب سے روس میں امریکی سفارت خانے کے دو سفارت کاروں کو بے دخل کیے جانے کے جواب میں محکمہ خارجہ نے امریکا میں کام کرنے والے روسی سفارت خانے کے2اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ روسی حکومت کے امریکی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کے انداز کو برداشت نہیں کرے گا۔ محکمہ کے اقدامات ایک واضح پیغام دیتے ہیں کہ ماسکو میں ہمارے سفارت خانے کے عہدیداروں کے خلاف ناقابل قبول اقدامات کے نتائج برآمد ہوں گے۔