ڈینگی‘ پنجاب میں 177 نئے مریض‘ کچھ ممالک میں وبا بن سکتا ہے: عالمی ادارہ صحت
لاہور + نیویارک (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میںگز شتہ24 گھنٹے کے دوران177 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 56 ،راولپنڈی میں71 ، ملتان میں 16 ، گوجرانوالہ میں17 ، فیصل آباد میں 5 ، قصور اور منڈی بہا ﺅالدین میں 2،2 جبکہ شیخوپورہ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، رحیم یار خان، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک، ایک نیا مریض سامنے آیا۔ سیکرٹری صحت کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 126 مریض زیر علاج ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مچھروں کے کاٹنے کے بعد بڑھنے والی بیماری ڈینگی سے بچا¶ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آنے والے سالوں میں ڈینگی متعدد ممالک میں وبا کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ ڈینگی بخار مچھروں کی ایک قسم Aedes کے کاٹنے سے ہوتا ہے جو خود ڈینگی وائرس سے متاثر ہوتا ہے اور کاٹنے کے بعد خون میں وائرس کو منتقل کر دیتا ہے۔