• news

نواز، شہباز، زرداری کو سیاست سے ریٹائر کر دینا چاہئے: اعجاز الحق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ مسلم لیگ ضیاءالحق نے کہا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کو سیاست سے ریٹائر کر دینا چاہئے، نواز شریف کی ہیلتھ رپورٹ، شہباز شریف کی گفتگو اور آصف زرداری کی آنیاں جانیاں دیکھ کر یہ بات کی ہے۔ آپریشن فورتھ ٹائم پرائم منسٹر نظر آ رہا ہے، عوامی امنگوں کے مطابق الیکشن نہ ہوئے تو صورتحال وہاں چلی جائے گی جہاں سے نکلنا مشکل ہے۔ اعجازالحق نے کہا کہ نظر آرہا ہے کس کو چوتھی بار وزیراعظم بنانا ہے۔ اعجاز الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو فلاں پارٹی کو سپورٹ کرنے کے میسج پہنچ رہے ہیں۔ اس طرح ملکی حالات بہترنہیں ہوں گے۔ اگر جمہوریت کو چلانا ہے تو پھر آئین کے مطابق چلائیں، سب کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا ہوگا ورنہ 90 کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ بدقسمتی سے ملک میں احتساب نہیں ہو رہا، میری کچھ جماعتوں کے ساتھ گفتگو ہو رہی ہے، جو پاکستان کے قبلہ کو درست کرنا چاہتی ہیں۔ ان سے بات چیت شروع کی ہے، اگلے ہفتے الائنس کا اعلان کریں گے۔ الائنس کا نام کیا ہوگا جب اکٹھے بیٹھیں گے پھر بتائیں گے۔ 21 اکتوبر کہیں 12 اکتوبر نہ بن جائے، مارشل لاءکبھی مسائل کا حل نہیں ہوتا، کبھی مارشل لاءکو سپورٹ نہیں کیا، امریکہ بھی پینٹا گون سے ان پٹ لئے بغیرنہیں چلتا، اداروں کی ان پٹ لئے بغیر فارن پالیسی نہیں بن سکتی۔ اعجازالحق نے مزید کہا بہت سے قائدین انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کو بھی تسلیاں دے رہے ہیں۔ نوازشریف کو اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بہتر کرنے کا کہتا تھا، وہ کہتے تھے تم نے کون سی وزارت لینی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملاقات میں نواز شریف والا قصہ سنایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن