سیالکوٹ: لو میرج کرنے پر والد نے بیٹی، داماد کو قتل کر دیا، ملزم گرفتار
سیالکوٹ (نمائندہ نوائے وقت)والد نے فائرنگ کر کے پسند کی شادی کرنے والے بیٹی اور اس کے خاوند کو قتل کر دیا۔ تھانہ سمبڑیال کے علاقہ جیٹھےکے ڈیرہ عبدالغنی کوٹ دینہ کے قریب نور فاطمہ کے والد عبدالغنی نے اندھا دھند فائرنگ کر کے نوبیاہتا جوڑا 25سالہ کاشف سکنہ نارووال اور 16سالہ نور فاطمہ سکنہ نارووال کو زخمی کر دیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین نے چار ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ مقتولہ شوہر کے ہمراہ والد کے گھر آئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کاشف لڑکی کے والد کو بلیک میل کر کے پیسے بھی وصول کرتا تھا اور قتل کی دھمکیاں بھی لگاتا تھا۔ آج تنگ آ کر لڑکی کے والد نے فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم عبدالغنی کو گرفتار کر لیا ہے۔