• news

اسرائیل فلسطین تنازعہ‘ چین کا صبر و تحمل‘ جنگ بندی پر زور

بیجنگ (این این آئی) چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین کو فلسطین اسرائیل کشیدگی میں حالیہ شدت اور تشدد میں اضافے پر گہری تشویش ہے۔ چین تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے فوری طور پر فائر بندی کریں۔ شہریوں کی حفاظت کریں اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکیں۔ چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع کا بار بار رونما ہونا اس حقیقت کو عیاں کرتا ہے کہ امن عمل کا طویل مدتی تعطل ناقابل برداشت ہے۔ تنازع کے حل کا بنیادی راستہ دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔ بین الاقوامی برادری کو فلسطین کے مسئلے پر مزید زور دیتے ہوئے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی جلد بحالی کو آگے بڑھانا ہوگا اور دیرپا امن کے حصول کا راستہ تلاش کرنا چاہئے۔ چین اس مقصد کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن