• news

20لاکھ لوگوں کی قربانی دے کر پاکستان آئے، ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں گے: متحدہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابات میں ووٹ، جمہوریت اور اختیارات کے ذریعے تبدیلی لائیں گے۔ ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کو جوڑنے کا دن ہے‘ پاکستان بندوق کی نوک پرنہیں بنا، 70ءمیں ہمارے پاس چوائس تھی لیکن ہم نے پاکستان کو چنا، پاکستان کو بنانے کیلئے ہم 47ء میں اپنی مرضی سے آئے تھے۔ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا ہم نے جب ہجرت کی تھی تو ہندوستان کو توڑ کر آئے تھے، ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور ادھر ہی دفن ہونا پسند کرتے ہیں، ہم 20 لاکھ لوگوں کی قربانی دے کر آئے تھے، ہم پاکستان کی جمہوریت اور تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کریں گے۔ جاگیردارانہ نظام جب تک ختم نہیں ہوگا پاکستان اپنے مقصد کو پورا نہیں کر پائے گا۔ ہمت کے ساتھ ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہونا اتنا آسان نہیں۔ یہ ملک دین کے نام پر بنا ہے، زبان کے نام پر نہیں۔ آپ اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے ہم ہیں۔ ہم حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے والے لوگ نہیں ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا ہم اورنگی میں 15اکتوبر کو ایک کارنر میٹنگ کریں گے۔ مشرق وسطیٰ میں فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن