پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے حقوق برابر، نواز شریف غیرقانونی طور پر نہیںگئے: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،نوائے وقت رپورٹ)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے حقوق برابر ہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ہمارا مقصد اپنی ریاست، شہریوں اور قومی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے، ملک کے اندر غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد 31 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں، 31 اکتوبر کے بعد ایسے افراد کو جبری ملک بدر کیا جائے گا، الیکشن کی تاریخ دینا نگراں حکومت کا کام نہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی جس تاریخ کا اعلان کرے گا، اس پر انتخابات ہوں گے، نیشنل براڈ کاسٹرز کو دنیا بھر میں ریاست سپورٹ کرتی ہے، پبلک براڈ کاسٹرز لازمی قومی خدمت کے ادارے ہیں۔ یہ بات انہوں نے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا نگران حکومت کا کام نہیں، الیکشن کمشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے جو انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطہ ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی صلاحیت اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جس تاریخ کا اعلان کرے گا، اسی پر انتخابات ہوں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے، ہم الیکشن کے مرحلے سے گذر رہے ہیں، عملا ًالیکشن کا ماحول موجود ہے، الیکشن کے ماحول میں کسی بھی جماعت اور اس کی قیادت کو کسی اہم مسئلے پر اپنا موقف دینے کی آزادی حاصل ہے۔ ملک میں میڈیا بھی آزاد ہے، عدالتیں بھی آزاد ہیں اور تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہیں۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ نواز شریف کی واپسی سے متعلق سوال پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں، ان کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔نواز شریف غیر قانونی طور پر اس ملک سے بھاگ کر نہیں گئے تھے۔وہ پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں۔