پی آئی سی کا دورہ، ایمرجنسی گراﺅنڈ فلور 3ماہ میں مکمل کیا جائے: محسن نقوی
لاہور( نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایمرجنسی بلاک کا اپ گریڈیشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ پلان کے تحت ایمرجنسی بلاک اپ گریڈ ہوگا،نئے سرجنز آئیں گے۔آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز نئے بنیں گے،100 بیڈز کا مزید اضافہ کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پلان کا آن گراونڈ جائزہ لینے کیلئے پی آئی سی کادورہ کیااوراگلے ہفتے کے آغاز میں ایمرجنسی کے گراو¿نڈ فلورکی اپ گریڈیشن کے کام شروع کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بیرون ملک سے سرجنز کی خدمات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی منظوری کے بعد کنٹریکٹ پر بھی سرجنز کو ہائیر کیا جائے۔وزیراعلی محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 3ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن پر تین شفٹ میں کام کیا جائے۔سرائے کی تعمیر کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لئے ایل ای ڈی سکرینیں لگائی جائیں گی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے دورہ کے دوران ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پلان کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کردہ طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔مریضوں نے ایمرجنسی میں علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہارکیا اور بتایا کہ پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے۔ایمرجنسی میں زیر علاج مریض نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی ہمارے سنتے ہیں۔بعد ازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت پی آئی سی میں منعقدہ اجلاس میں ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔