کل پنجاب بھر کے اساتذہ ، ملازمین سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دینگے: چوہدری سرفراز
لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، ملک مستنصر باللہ اعوان، آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ ودیگر نے کہا ہے کہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب ملازمین کا واحد اور نمائندہ پلیٹ فارم ہے جس میں اساتذہ و ملازمین کی مو¿ثر اور نمائندہ تنظمیں شامل ہیں۔ پاکستان بھر میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس ملازمین کے معاشی اور محکمانہ حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ کل پنجاب بھر سے اساتذہ و ملازمین سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے لیو انکیشمنٹ میں کمی ، سالانہ ترقی کی بندش ، پنشن وگریجویٹی میں کمی کی اصلاحات ، تعلیمی اداروں کی این جی اوز کو حوالگی اور اڈاپشن ، 14 ہزار ایس ایس ایز/ اے ای اوز کی زیر التواء مستقلی اور پے پروٹیکشن کے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر کے خلاف دن 11 بجے دھرنا دیں گے۔ دھرنا مطالبات کے تسلیم کئے جانے تک جاری رہے گا۔دھرنا وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف ملازمین کے معاشی استحصال اور ان ظالمانہ اصلاحات کے خلاف ہے جس سے ملازمین کی زندگی معاشی مشکلات کا شکار ہو چکی ہیں۔لہٰذا وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری سکول پنجاب سے مطالبہ ہے کہ اساتذہ سمیت تمام سرکاری ملازمین کے مطالبات کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں۔