• news

پی سی بی کی پاکستان کی تمام کمیونٹیز کیلئے ایک روزہ کرکٹ ورکشاپ

لاہور (سپورٹس رپوٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے سلسلے میں تمام کمیونیٹیزکی شرکت کوبہت اہمیت دیتا ہے اسی سوچ کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ایک روزہ کرکٹ سرگرمی کا اہتمام کیا جس کا مقصد پاکستان میں رہنے والی تمام کمیونیٹیز کو اس میں شامل کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔منعقدہ اس ایک روزہ سرگرمی میں شریک ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا اس موقع پر کوچز نے ان کرکٹرز کو کھیل کی مختلف بنیادی باتوں اور باریکیوں سے آگاہ کیا اور ان کرکٹرز کو ان تمام سہولتوں سے بھی استفادہ کرنے کا موقع ملا جو پاکستان کے صف اول کے کرکٹرز کو حاصل ہیں۔پاکستان کی کرکٹ کی یہ فخریہ تاریخ رہی ہے کہ اس میں ملک میں موجود تمام کمیونیٹیز کو یکساں مواقع ملے ہیں اور پاکستان کی قومی ٹیم میں بھی ان کی نمائندگی نظر آئی ہے جن میں سے چند مثالیں والس متھائس‘ ڈنکن شارپ‘محمد یوسف اور دانش کنیریا کی شکل میں موجود ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ عزم ہے کہ وہ تمام پاکستانیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا رہے گا اور وہ چاہتا ہے کہ اس طرح کے پروگرام کو وسعت دی جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے وژن کے تحت تمام کمیونیٹیز کو اس میں شریک کرنا چاہتا ہے اور اس کے اسی وژن کے تحت یہ ایک روزہ کرکٹ سرگرمی منعقد کی گئی اس وڑن میں ہر ایک کیلئے برابری اور کھیل کا بہترین ماحول قابل ذکر ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ضمن میں اکیس کرکٹرز کو مدعو کیا جنہوں نے ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی جس میں نیٹ سیشن‘ فیلڈنگ کی مشقیں اور کھیل کی حکمت عملی سے متعلق سیشن شامل تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف نے کہاہے کہ کرکٹ پاکستان میں سب کو متحد کرنے والی قوت ہے اور اس بات کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے کہ کسی بھی پس منظر سے بالاتر ہوکر ہر ایک کیلئے کھیل کو یقینی بنایا جائے۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی یہ ایک روزہ کیمپ دراصل ابتدا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس طرح کی ترغیبات کے ذریعے ہم ملک بھر میں ±چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو تلاش کرسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن