• news

نگران حکومت آئی ٹی شعبہ میں اچھا کام کر رہی: گورنرپنجاب

 لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس میں نگران وفاقی وزراءنے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف اور وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج شامل تھے۔ ملاقاتوں میں اقلیتوں اور آئی ٹی کے شعبے کے فروغ اور بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر خلیل جارج نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو اقلیتوں کے حوالے سے کام کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ای روزگار سینٹرز کو فعال کرنے سے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔ انہوں نے ای روزگار سینٹرز کو بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں انہیں جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی کی تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی جدید دنیا میں آئی ٹی میں مہارت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی حکومت آئی ٹی کے شعبے میں اچھا کام کر رہی ہے، امید ہے عمر سیف سابقہ تجربے سے آئی ٹی کے شعبے میں بہتری لیکر آئیں گے۔ نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں آئین پاکستان اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن