اپ گریڈیشن ،تزئن و آرائش، ہولی فیملی ہسپتال کو 3ماہ کےلئے بند کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی (اکمل شہزاد سے) راولپنڈی کے بڑے سرکاری ہسپتال کی تزئن و آرائش کیلئے 3ماہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ہسپتال کے مختلف شعبوں کو دیگر ہسپتالوں میں شفٹ کر دیا جائے گا، اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کے بڑے ہسپتال ہولی فیملی کی اپ گریڈیشن کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے ایک ارب 80کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے، رواں ماہ کے آخر میں ہسپتال کو بند کیا جائے گا، ہسپتال کے مختلف شعبوں کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا ، پرانی عمارت کی تزئین آرائش کے ساتھ کئی نئے شعبوں کیلئے بھی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی، ذرائع کے مطابق ہسپتال میں پانی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی تمام پرانی بوسید ہ لائنوں کو تبدیل کر کے نیا سسٹم نصب کیا جائے گا، ہو لی فیملی شمار راولپنڈی کے بڑی سرکاری ہسپتال میں آتا ہے یہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں مریض نہ صرف راولپنڈی بلکہ محلقہ علاقوں سے بھی آتے ہیں جن میں مری ، کشمیر ، پشاور، اٹک ، ایبٹ آباد، چکوال، مندرہ ، گوجر خان ، روات تک کے علاقے شامل ہیں ، مریضوں کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے جاری فنڈز سے تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا جا ئے گا۔