اقوا م متحدہ اسرائیل فلسطین تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے:پیرمنورجماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کسی صورت قبول نہیں کی جاسکتی‘ نہتے مسلمانوں کو صیہونی ریاست کے حملے بڑا ظلم ہیں‘ اقوام عالم فوری حملے بند کرائے‘ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی ہمدردیاں اور دعائیں مظلوم فلسطینیوں کےساتھ ہیں، مظلوم فلسطینی اسرائیلی مظالم کے ردعمل میں اسرائیلی افواج کو جواب دینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو دفاع کاپوا حق حاصل ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری تعصب سے باہر نکلیں اور دنیا کے امن کو قائم رکھنے کےلئے بلاتفریق برابری کی سطح پرمذاکراتی عمل کےلئے معاملہ حل کریں،دنیا یاد رکھے کہ ا سرائیل کا نا قابل تسخیر ہونے کا تاثر خاک میں مل چکا ہے۔گزشتہ روز ہونےوالی اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں معصوم فلسطینی مسلمانوں کی شہادت گہرے رنج و غم کا سبب ہے، اقوا م متحدہ اسرائیل فلسطین تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔ انہوں نے ناجائز ریاست اسرائیل کے خلاف فلسطینی مجاہدین کی بھرپور کاروائی کی حمایت کرتے ہوئے عالم اسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کی کھل کر اور مکمل حمایت کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع کا بار بار رونما ہونا اس حقیقت کو عیاں کرتا ہے کہ امن عمل کا طویل مدتی تعطل ناقابل برداشت ہے۔ تنازع کے حل کا بنیادی راستہ دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔