• news

وعدوں‘ منشور پر 100 فیصد عمل ہو گا: پرویز خٹک

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ ہم جو وعدہ کریں گے، جو منشور دیں گے اس پر 100 فیصد عمل کریں گے۔ پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، بطور وزیراعلیٰ میں ہر 3 ماہ بعد علماء کونسل کے ساتھ میٹنگ کرتا تھا، صوبے میں دین کیلئے بہت کام کئے ہیں، کسی حکومت نے مساجد نہیں بنائیں، ہم نے مساجد تعمیر کرنا شروع کیں۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے علماءکرام کے لیے وظیفہ مقرر کیا، ہم خدمت کے لئے آئے ہیں۔ عوام اور دین کی خدمت ایک ساتھ چلتی ہے، ہمارا کام صرف کرسی کے لئے نہیں ہے، صوبے میں 5 سال وزیراعلیٰ رہا ہوں، بطور وزیراعلیٰ کوشش کی کہ لوگوں کی زندگی آسان ہو۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا ہم نے اس صوبے میں نظام کو ٹھیک کرنا ہے، ہم نے پہلے بھی کارکردگی دکھائی، ہماری پارٹی کا نعرہ ہے ہم امن چاہتے ہیں، امن ہوگا تو خوشحالی آئے گی۔ میں صرف نعرے نہیں لگاتا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہم جھوٹے وعدے اور غلط کام نہیں کریں گے۔ لوگ تو منشور دیتے ہیں پھر الیکشن کے بعد منشور پر عمل نہیں ہوتا، ہم جو وعدہ کریں گے، جو منشور دیں گے اس پر 100 فیصد عمل کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن