ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف جہاد کے سوا کوئی آپشن نہیں: سعد رضوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین کا منہ توڑ جواب عالمی برادری کیلئے واضح پیغام ہے۔ اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کے خاتمے کے لئے امت مسلمہ کے پاس جہاد کے سوا کوئی آپشن نہیں، ایسے حالات میں امت مسلمہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ تمام اسلامی ممالک کھل کر اسرائیل کے خلاف اپنے اقدامات کا اعلان کریں۔ پاکستانی قوم اور تحریک لبیک پاکستان کا ہر کارکن فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہم کبھی بھی ناجائز اسرائیلی صیہونی ریاست کو قبول نہیں کریں گے، اسرائیل کے فلسطینی عوام پر بڑھتے ہوئے ظلم کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، جو لوگ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے واضح پیغام ہے کہ اگر صیہونیوں کے لئے اتنی ہی محبت ہے تو جاکر اسرائیل میں بس جائیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بنا ہے اور اس پر تا قیامت قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقدس سرزمین فلسطین پر قابض اسرائیل پر کامیاب حملہ ثابت کرتا ہے کہ فلسطینی عوام کبھی بھی ناجائز اسرائیلی صیہونی ریاست کو قبول نہیں کرے گی۔ 57 اسلامی ممالک کو مل کر اعلان جہاد کرنا چاہیے۔ پورے فلسطین پر اسرائیل قابض ہوتا جا رہا ہے اور ہم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔