ا سلام آباد میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی حمایت فلسطین ریلی
اسلام آباد (نا مہ نگار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ملک بھر کی طرح ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام حمایت فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکا نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں امریکہ و اسرائیل مخالف نعروں پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔شرکا ریلی سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے والی عالمی برادری آج فلسطینی مزاحمت پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، شجاع فلسطینی عوام نے اسرائیل کے ناقابل شکست ہونے کے دعوی کو پاش پاش کر دیا ہے، تمام تر صورت حال کا ذمہ دار غاصب اسرائیل ہے جس کا غرور نہتے فلسطینیوں نے خاک میں ملا دیا ہے، غزہ کے مظلوموں کو سلام، فلسطینی مزاحمت کاروں کو ہمارا سلام، ہم پاکستان کے نظریہ سے غداری نہیں کرنے دیں گے، ظلم اور اسرائیل مٹنے کے لیے ہے، اسرائیل کی تمام تر سیاسی و ملٹری طاقت کو توڑنے پر تمام شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آپ سب کا احتجاج میں شریک ہونا ظالم کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت میں ہے، آپ سب نے خدا کی رضا خریدی ہے۔