نواز شریف کی گرفتاری، ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑدیں: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔ پارلیمنٹ ہاو¿س میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو جو سکیورٹی ملتی ہے وہ دیں گے۔ نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر اہم سیاسی سرگرمی کی اجازت ہوگی جس میں نواز شریف بھی آتے ہیں۔ یہ مفروضوں پر بات ہوگی، عدالتیں طے کریں گی نواز شریف کا سٹیٹس کیا ہے۔ نگران حکومت کا کام آئین اور قانون پر عملدرآمد ہے۔ دریں اثناءنگران وفاقی وزیر اطلاعات سے پاکستان میں تعینات روس کے سفیر دانیلا گینیچ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی وزیر اطلاعات کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ روسی وزیر اطلاعات کے دورہ کے موقع پر اے پی پی اور طاس نیوز ایجنسی، پی ٹی وی اور روسی ٹیلی ویژن اور روسی ریڈیو و ریڈیو پاکستان کے درمیان ممکنہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر روسی سفیر دانیلا گینیچ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے۔