بھارتی مظالم کے خلاف میلبورن میں ہزاروں سکھوں کا مارچ، مظاہرہ
میلبورن (این این آئی) بھارت میں سکھ برادری کے خلاف جاری ظلم وستم اور جارحیت کے خلاف آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں دو ہزار سے زائد سکھوں نے شرکت کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سکھ مظاہرین نے فیڈریشن سکوائر سے پارلیمنٹ ہاﺅس تک مارچ کیا اور شرکاءتمام راستے بھارت کے خلاف نعرے لگاتے ر ہے۔ سکھ رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بیرون ملک آباد سکھ رہنماﺅں کو خالصتان تحریک میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد کینیڈا میں بھارتی ایجنٹوں کے ہاتھوں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور سکھوں کے خلاف جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا ہے۔ آسٹریلیا میں مندروں پر گریفیٹی کے مودی کے دعووں کی کوئنز لینڈ پولیس نے تردید کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئنز لینڈ پولیس کے مطابق بھارتی ہندو خود مندروں پر گریفیٹی کرکے سکھوں کو بدنام کرنے کیلئے ان پر الزام دھر رہے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سکھوں پر الزامات لگانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔