پاک فوج میں بلوچ نوجوانوں کی کثیر تعداد دشمن کے منہ پر طمانچہ
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک فوج میں کثیر تعداد بلوچ نوجوانوں کی ہے جو وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے ۔یہ وطن سے ان کی بے لوث محبت کی عکاس ہے۔بلوچستان کے عوام کی دلیری اور وطن سے محبت ہمیشہ بے مثال رہی ہے۔ عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق بلوچستان اپنی رنگارنگ ثقافت اور قدرتی حسن سے مالامال منفرد صوبہ ہے جس کے باسیوں کو متعدد مشکلات اور چیلنجز کا سامنا رہا ہے تاہم حکومتی اور عسکری قیادت کی کاوشوں کے باعث بلوچستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اس تناظر میں چند ملک دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی میں خلل ڈالنے کے درپے ہیں۔ ملک دشمن ایجنٹ جھوٹے بیانیے اور منفی پراپیگنڈے کے ذریعے بلوچ عوام کو محروم اور کمزور دکھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مقامی حکومت کی جانب سے بلوچ نوجوانوں کو سکیورٹی فورسز میں بھرتی کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آج عسکری قیادت میں بلوچ نوجوانوں کی بڑھتی دلچسپی ملک دشمن عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق بلوچ نوجوانوں کی بحری، فضائی، بری، لیویز، پولیس اور کاﺅنٹر ٹیررزم میں شمولیت ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں 8 اگست 2023ءکو لورالائی سیکٹر میں 67 واں پاسنگ آﺅٹ کامیابی سے منعقد ہوا۔ 2021ءسے اب تک 4804 بلوچ نوجوان ایف سی بلوچستان میں شامل ہوئے۔