آزادی فلسطین کے فیصلہ کن لمحات آ پہنچے‘ عالم اسلام موقع ضائع نہ کرے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے فیصلہ کن لمحات آ پہنچے، عالم اسلام یہ موقع ضائع نہ کرے۔ لاکھوں فلسطینیوں نے قربانیوں کی عظیم داستانیں رقم کر کے حریت کی شمعیں روشن کیں اور گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ موجودہ حالات میں خاموشی یا غیر جانبداری اختیار کرنے کی بجائے اپنا وہ فرض ادا کریں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی کی حیثیت سے ان پر عائد کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں بلدیاتی نمائندوں، ضلع شمالی کے امیر یوسف خان کی قیادت میں ملنے والے وفد اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی کے مسائل بھی زیربحث آئے۔ امیر جماعت نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دیے جائیں۔ جماعت اسلامی ہی کراچی میں امن و ترقی واپس لا سکتی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی اور ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے سے پاکستان کا فرض ہے کہ وہ فلسطین کی آزادی کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری قوم میں فلسطین کے مسئلہ پر بیداری اور یکجہتی قائم کرنے کے لیے تمام شہروں میں ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔ کراچی میں 15 اکتوبر کو ملین مارچ ہو گا۔