سرکار چاہتی تھی عجلت میں ٹرائل ہو، آرڈر چیلنج کریں گے: وکیل چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایڈووکیٹ سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سرکار چاہتی تھی عجلت میں ٹرائل کا آغاز کیا جائے۔ چیئرمین نے عدالت میں احتجاج کیا کہ کن حالات میں رکھا ہوا ہے،کوئی رعایت نہیں مانگ رہا۔ باقی قیدیوں جیسا سلوک ہونا چاہیے، جج صاحب نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سماعت کے بعد جا کر حالات کو دیکھیں گے۔ چیئرمین کا ایشو تھا کہ انکو ٹہلنے کی بھی جگہ نہیں دی گئی۔ ہمارا گذشتہ سماعت پر کہنا تھا کہ یہ اوپن کورٹ سماعت ہونی چاہیے۔ حکومت اور جیل انتظامیہ اپنی ذمہ داری سے بھاگ رہے ہیں۔ کسی بھی ملزم کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے، جیل کے اندر بند کمرے میں فیئر ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ شاہ محمود نے نقول لینے سے انکار کیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین کی ضمانت کی سماعت ہے امید ہے درست فیصلہ آئے گا، ہمیں کوئی موقع نہیں ملتا چیئرمین سے 2 منٹ بات کریں، ٹرائل ہوتا ہے اور واپس لے جاتے ہیں، آج کے آرڈر کو یقینا چیلنج کریں گے۔