میٹرو، سپیڈو بس کے کرائے میں 15 روپے اضافے کی سمری مسترد
لاہور + گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایک اور عوام دوست فیصلہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے میٹرو بس اورسپیڈو بس سروس کے کرائے میں 15روپے اضافے کی سمری مسترد کر دی ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں کرائے میں اضافے کی سمری پیش کی گئی تھی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ریونیو میں اضافے کیلئے نئے اور منفرد انداز سے کام کیا جائے۔ اجلاس میں لاہور ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاو¿ن الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ ورلڈ بنک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد و راولپنڈی پاکستان میٹروبس سروس کیلئے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو بس ٹریک کی تعمیر و مرمت کا حکم دیا۔ اجلاس میں قذافی سٹیڈیم اور شاہدرہ ریلوے سٹیشن کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹو بسیں چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے الیکٹر ک بس سروس کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی منظوری دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی کو سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی تقریباً سوا ارب مسافروں کا ہدف عبور کر چکی ہے۔ محسن نقوی نے سینئر صحافی نعیم اشرف بٹ کے والدکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے ڈی ایچ کیوہسپتال گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال اورمیڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔ محسن نقوی چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی عمارت میں بننے والے پیڈز وارڈ بھی گئے۔ محسن نقوی جب ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے تو جگہ جگہ سیوریج کا پانی کھڑا تھا اور صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال تھی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ میں مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے لواحقین ڈرپ ہاتھ میں پکڑ کر مریض کے سرہانے کھڑے ہونے پر مجبور تھے۔ تیمار داروں نے وزیراعلیٰ سے شکایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں مریضوں کے پیمپر تبدیل کرنے کے 300 روپے لئے جاتے ہیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بد انتظامی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ایک مظلوم ماں مسز طاہرہ نے وزیر اعلی محسن نقوی سے اپیل کی کہ ڈاکٹر کی غلطی کی وجہ سے میری بیٹی موت کے منہ میں چلی گئی،انصاف کیا جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈائلسز سنٹر، کڈنی وارڈ، بچہ وارڈ، ویٹنگ ایریا اور ایمرجنسی بلاک کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے چائلڈپروٹیکشن بیورو کی عمارت میں شفٹ ہونے والے بچہ وارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر گوجرانوالہ وزیر اعلی کے دورے کی خبر سن کر بعد میں پہنچے۔ بعدازاں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بننے والے نئے پیڈز بلاک کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں سیف سٹی اتھارٹی کا پراجیکٹ منظور ہوچکا ہے،کام شروع ہے،120روز میں مکمل ہو گا۔ گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے اراضی لے لی گئی ہے۔ جلد تعمیرات شروع ہوں گی۔ پنجاب میں ہسپتالوں کی لیبزکا معیار بہتر بنانے کے سلسلہ میں محسن نقوی نے ہیلتھ ٹیم کے ہمراہ مقامی لیب کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ٹیسٹنگ کیلئے مائیکرو بیالوجی مشین سمیت دیگر جدید آلات و مشینری کا معائنہ کیا اور کلینکل پتھالوجی،کلینکل فرانزک اور دیگر ڈیپارٹمنٹ دیکھے۔محسن نقوی نے گوجرانوالہ شہر کا 4 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ شہر میں پارکس کی خراب حالت، بیوٹیفکیشن کے فقدان اور صفائی کے ناقص انتظامات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے گوجرانوالہ کو سخت وارننگ جاری کی۔محسن نقوی نے 8گھنٹوں میں دو ڈویژن کے برق رفتار دورے کیے اور گوجرانوالہ کے بعدگجرات پہنچ گئے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے گجرات میں تھانہ لاری اڈہ اورعزیز بھٹی شہید ہسپتال کے دورے کیے۔ مریضوں کی شکایات اوربدانتظامی پر ایم ایس کو تبدیل کر دیا گیا۔ شہر کی انتظامیہ بھی دورے سے لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ تھانہ لاری اڈاپہنچے،تھانے کی عمارت خستہ حالی کاشکار تھی اور صفائی نہ ہونے کے برابرتھی۔فرنٹ ڈیسک کا آپریٹر غائب تھا۔ فرنٹ ڈیسک آپریٹر وزیراعلیٰ کی آمد کے 15منٹ بعد پہنچا۔ تھانے میں سائلین کی رہنمائی کے لیے کوئی بینر تک آویزاں نہیں تھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈی پی او اور ڈی ایس پی کو فوری طلب کر لیا اور فوری طور پر تھانے کی عمارت کی بحالی کے احکامات دیئے۔ تھانے میں ریکارڈ کھلا پڑا تھا اور مال خانہ کی حالت بھی ابتر تھی۔ محسن نقوی نے چار دن سے موٹر سائیکل چوری کے کیس پر پیشرفت نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی اچانک گجرات کے عزیز بھٹی ہسپتال پہنچ گئے۔ ہسپتال میں بیڈز پر کھٹمل، گندگی، بدانتظامی اور مریضوں کی شکایات پر ایم ایس تبدیل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو گجرات طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو ہسپتال کا دورہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ہسپتال کے وارڈز میں ایئرکنڈیشنڈ بند اور جہاں اے سی چل رہے تھے وہاں دروازے،کھڑکیاں کھلی تھیں۔ محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار جیت پر پاکستانی ٹیم اورقوم کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کی۔