سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا عمران کی بیٹوں سے فون پر بات کرانے سے انکار، سہولیات فراہمی کی درخواست پر اعتراض ختم
اسلام آباد راولپنڈی (وقائع نگار+ نمائندہ نوائے وقت) سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے فون پر بات کرانے سے انکار کر دیا۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں بیٹوں سے ٹیلیفونک ملاقات کروانے کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں جواب جمع کرا دیا۔ جواب میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان کی بیرون ملک ٹیلیفونک ملاقات کروانے کی اجازت نہیں۔ عدالت نے جیل ایس او پیز طلب کر لئے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں سہولیات فراہمی سمیت فیملی، وکلا اور ذاتی معالج سے جیل میں ملاقات کرانے کی انٹراکورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔