• news

ہمیں گفتار نہیں کردار کے غازی درکار ہیں، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد(نا مہ نگار)نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ ہمیں گفتار کے غازی نہیں بلکہ کردار کے غازی درکار ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز قومی احتساب بیورو کے زیر اہتمام سیرت کانفرنس سے خطاب کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ قوموں کی زندگی میں آزمائشیں آتی ہیں لیکن مومن مایوس نہیں ہوتا۔ سیرت کی پہلی کتاب قرآن کریم ہے۔ ہمیں چاہیے کہ قرآن اور صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں۔ حضور کا کردار اور اخلاق مجسم قرآن ہے۔ قرآن کریم کا حکم ہے کہ جو رسول تمہیں دیں لے لو اور جس سے روک دیں رک جاو۔ اہل ایمان اللہ اور اسکے رسول سے ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں ۔ سیرت طیبہ کی جھلک ہمارے کردار میں نظر آنی چاہیے۔ اگر چاہتے ہیں کہ اللہ کے محبوب بن جائیں تو اسکے حبیب کی اتباع کرنا ہو گی۔ انہوں نے تقریب میں موجود طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنا بہترین وقت دین سیکھنے میں صرف کریں۔ قرآن کریم کی کم از کم تین آیات کو روزانہ سمجھ کر پڑھنے کا آغاز کریں ، بیشتر مسائل خودبخود ختم ہو جائیں گے۔ طلبا تسخیر کائنات کیلئے علم حاصل کریں اور پاکستان کی خدمت کریں۔

ای پیپر-دی نیشن