فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز تسلط امن کیلئے خطرہ ہے: بلیغ الرحمن
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ، وزیر مملکت مشعال حسین ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلہ کشمیر، فلسطین اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کی روشنی میں حق خودارادیت ملنا چاہیئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے ہر سطح پر کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے حق میں آواز کو بلند کیا اور آئندہ بھی پاکستان اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں پائیدار امن کے لیے بہت ضروری ہے۔ پاکستان کشمیر اور فلسطین میں امن کا خواہاں ہے۔ فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز تسلط اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹیوں میں خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانے پر قائم کنسورشیم کو سراہا۔ انہوں نے مختلف یونیورسٹیوں میں طالبات کے لیے مختلف پروگرامز میں اشتراک کرنے میں دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے 100 دن کے پلان پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس کی کارکردگی نگران حکومت کے پہلے 100 دن مکمل ہونے پر عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ بعدازاں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو اچھی تعلیم اور حقوق دے کر ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔