مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، جعلی مقابلے میں 2 نوجوان شہید
سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں منگل کوبھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے آشی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔بھارتی فورسز کی جانب سے ضلع کے علاقے میں رات گئے آپریشن شروع کیاتھا۔جبکہ لداخ میں میں برفانی تودہ گرنے سے ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ تین لاپتہ ہو گئے۔قابض بھارتی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ہائی الٹی ٹیوڈ وارفیئر سکول اور بھارتی فوج کے آرمی ایڈونچر ونگ کے تقریبا 40 فوجیوں کا دستہ لداخ میں ماﺅنٹ کون کے قریب معمول کی تربیتی سرگرمیاں کررہا تھا۔دوسری جانب بھارتی قابض انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کی مشہور دینی درس گاہ دارالعلوم 'خیر الدرسین کی عمارت کو مسمار کر دیا۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے چیوا کلاں گاں میں قائم دارالعلوم 'خیر الدرسین' کو مارچ 2022 میں بھارتی فورسز نے سیل کر دیا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے بھارت پردباﺅ بڑھائے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور دیگر حریت رہنماﺅں بشمول ایڈوکیٹ ارشد اقبال، فاروق توحیدی، محمد سلیم زرگر، امتیاز ریشی اور محمد عاقب نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی فوجیوں کنی طرف سے مسلسل جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر افسوس کا اظہار کیا۔